ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، بنگلادیش کو ہرا کر افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

June 25, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میںافغانستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے دی اور یوں افغان ٹیم پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اب افغان ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا۔

افغانستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 116 رنز کا ہدف دیا تھا۔بنگلادیش نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم بارش سے کئی مرتبہ متاثر ہونے والے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 17.5 اوورز میں 105رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 52 ویں میچ میں گروپ ون کی ٹیمیں افغانستان اور بنگلادیش کنگز ٹاؤن میں مدمقابل تھیں جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے، رحمٰن اللّٰہ گرباز سب سے زیادہ 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کپتان راشد خان 19، ابراہیم زدران 18 اور عضمت اللّٰہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سےرشاد حسین نے 3، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بعدازاں میچ کا دوسرا مرحلہ کم ہدف ہونے کے باوجود بھی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیمیں آخری تک جیت کی کوششیں کرتی رہیں، ہدف کے تعاقب کے دوران کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا بھی پڑا تاہم قسمت افغان ٹیم کے ساتھ نظر آئی۔

آخری میں جب میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو اس وقت بنگلادیش کو جیت کے لیے 8 گیندوں پر ایک وکٹ پر 9 رنز درکار تھے، نوین الحق نے بنگلادیش کی آخری وکٹ حاصل کر کے ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلادیش کے لٹن داس 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ افغانستان کے راشد خان نے 23 رن دے کر چار جبکہ نوین الحق نے 26 رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل گروپ ون کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔