کراچی اورلاہور ہاکی ایسوسی ایشنز کو متحرک کرنے کیلیے پروگرام تشکیل

June 30, 2016

کراچی (نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک کی دو بڑی ہاکی ایسوسی ایشنزکراچی اور لاہور کو متحرک کرنے کے لیےجامع پروگرام تشکیل دیا جس پر عید الفطر کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق فیڈریشن ان دونوں ایسوسی ایشنوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ فیڈریشن کے حکام نچلی سطح پر ہاکی کو ترقی دینے کے حوالے سے بعض صوبائی ایسوسی ایشنوں کی پر فارمنس سے خوش نہیں ہے ۔فیڈریشن نے تمام صوبائی ایسوسی ایشنوں کو ایک خط کے ذریعے ان کے مستقبل کی پلاننگ ٹورنامنٹ کے شیڈول کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایک وفد عیدالفطر کے بعد کراچی اور لاہور میںایسوسی ایشنوں کے حکام سے ملے گا جس میں امکان ہے کہ ڈیولپمنٹ کے حوالے سے دونوں ڈی جی اور پی ایچ ایف کے بعض اہم ذمے دار بھی شامل ہونگے اس دورانکراچی اور لاہور میں ہاکی کے زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ کے انعقاد ، اسپانسر شپ ،میدانوں کی صورت حال،کلبوں کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کے ٹریک ریکارڈ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کراچی میں فائیو سائیڈ ہاکی ٹور نامنٹ کو فروغ دینے کے خواہش مند ہیں اور اس حوالے سے عید کے بعد ہونے والی ملاقات میں فائیو اے سائیڈ میدان کی تیاری کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔