صوابی کا دولہا ہیلی کاپٹر میں دلہنیا لینے پشاور پہنچ گیا

November 27, 2023

صوابی سے تعلق رکھنے والا دولہا بارات لے کرہیلی کاپٹر میں پشاور پہنچ گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق دولہا نے دلہن کی خواہش پر ہیلی کاپٹر میں رخصتی کروا کر اس خاص موقع کو یادگار بنا دیا۔

زکریا طوطالئی صوابی کا رہائشی ہے جو پشاور کے مضافاتی علاقے اچینی بالا کی رہنے والی دلہن کی خواہش پوری کرتے ہوئے اسے ہیلی کاپٹر میں لے گیا۔

اس موقع پر مضافاتی علاقے میں ہیلی کاپٹر میں آئی اس انوکھی بارات کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مقامی افراد ہجوم کی صورت جمع ہو گئے جو یہ دیکھ کر کافی حیران ہوئے اور اس تمام واقعے کی ویڈیوز ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے، جو اب وائرل ہو گئی ہیں۔

دولہا زکریا سمیت 6 افراد ہیلی کاپٹرمیں دلہن لینے آئے۔

زکریا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سسرال آنے اور واپس جانے میں تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے لگے جس کا مجموعی کرایہ 8 لاکھ روپے ادا کرنا پڑا۔