نو منتخب صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25 ویں صدر منتخب ہوئے، ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کو مسلم لیگ ن نے31 اور 1 ووٹ دست و بازو پارٹی کے ممبر نے دیا۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے جبکہ 1 رکن غیر حاضر رہا۔
ڈاکٹر نجیب نقی 2006ء سے 2011ء تک آزاد کشمیر کے وزیرِ صحت رہے ہیں۔
وہ مسلم لیگ ن کی 2016ء سے 2021ء تک قائم حکومت میں بھی وزیرِ صحت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے۔
نو منتخب صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پونچھ کے حالات ٹھیک نہيں، کوشش کریں گے جلد حالات معمول پر لائے جائيں۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔