لائسنس کے بغیر کاروبار کرنیوالوں کیخلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں

November 29, 2023

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئیں ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں لائسنس نہ ہونے اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر منگل کو30 سے زائد خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ۔ قوانین کی خلاف ورزی پر بی ایف اے انسپکشن ٹیموں نے کوئٹہ ، خاران ، گوادر اور سبی میں کھانے پینے کے مراکز مالکان کو جرمانہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے لئے فوڈ لائسنس حاصل کرنا لازم ہے جبکہ لائسنس کے بغیر کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری و فروخت کی ہر گز اجازت نہیں ۔ ڈی جی بلوچستان فوڈاتھارٹی نے اپنے بیان میں فوڈ بزنس لائسنس کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لائسنس کے اجراء کا مقصد اشیاء خوردونوش کے ہر قسم کے کاروبار کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے چیکنگ نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ اشیاء کے معیار کی بہتری ممکن ہو اور کاروباری حضرات کو قوانین کی مطابق شہریوں کو معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کا پابند کیا جاسکے ، انہوں نے مزید کہا کہ بی ایف اے کی انسپکشن ٹیمیں اس ضمن میں لائسنس کے آسان حصول کیلئے مراکز مالکان کو لائسنس فارم ان کی دکانوں تک پہنچاتی ہیں تاہم اس کے باوجود دکاندار اس معاملے میں سستی کرتے ہیں جس پر مجبوراََ ایسے مراکز مالکان کے خلاف ایکشن لیا جاتا ہے ۔