پاکستان نے کیمیائی ہتھیاروں کی بین الاقوامی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی چئیرمین شپ سنبھال لی

December 01, 2023

—جنگ فوٹو

پاکستان نے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی بین الاقوامی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔

پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نیدر لینڈز میں منعقدہ تنظیم کے اجلاس میں کیمیائی ہتھیاروں کی سالانہ کانفرس کے منتخب چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمے داریوں کا آغاز کر دیا۔

واضح رہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے روک تھام کی عالمی تنظیم OPCW کے بین الاقوامی کنونشن کی سالانہ کانفرنس نیدرلینڈز کے دارالحکومت دی ہیگ میں منعقد ہوتی ہے جس میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کو ریاستی جماعتوں کی کانفرس نے چیئر منتخب کر لیا ہے۔

193 ممبران پر مشتمل کانفرس کو ایک سال کے لیے چیئر کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، ہر سال دنیا کے ایک علاقے سے چیئر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اس سال ایشیاء کی باری تھی اور ایشیائی گروپ نے پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کو نامزد کیا، جن کو کانفرنس نے منتخب کر لیا۔

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام، پیداوار، بڑھاؤ اور ذخیرہ اندازی کے کنونشن (CWC) کی 193 ریاستوں نے توثیق کی ہوئی ہے، جسے ہر اقسام کے ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے ایک جامع معاہدہ سمجھا جاتا ہے۔

پاکستان نے (CWC) کی 1997ء میں توثیق کی تھی، پاکستان کو پہلی مرتبہ سی ایس پی (CSP) کی چیئرمین شپ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔