کامیاب جلسہ بلوچستان میں تبدیلی کاآغاز ہے‘ پیپلز پارٹی

December 02, 2023

کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کامیاب جلسے نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کو ہی اپنا مسیحا سمجھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ضلعی صدر حب میر علی حسن زہری نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا جو صوبے میں سیاست میں بڑی تبدیلی کا آغاز ہے ۔ملک کے کونے کونے سے آئے جیالوں اور بلوچستان کے باشعور عوام کی جلسہ میں بھرپور شرکت نے موسمی اور مفاد پرستی سیاست کو بڑا دھچکا پہنچایا ، جن لوگوں کا خیال تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بلوچستان میں پوزیشن کمزور ہے ان کے لئے گزشتہ روز کا جلسہ ایک پیغام ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جلسے کے بعد آصف علی زرداری اور بلاو ل بھٹو زرداری سے والہانہ محبت کرنے والے بلوچستان کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ،جس طرح جلسہ میں آصف علی زرداری اور بلاول نے بلوچستان سے اپنے والہانہ لگائو اور محرومیاں ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی اسی طرح بلوچستان کے عوام بھی آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر اپنی محبوب پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا ئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں بہت سی قد آور شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں ۔