ٹکر کے دعویدار ایک تھپڑ کے لوگ ثابت، صوبے کی تباہی میں شریک سیاستدان عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے، ایمل ولی

December 04, 2023

پشاور(جنگ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آج عمران خان بھی اور اس کا بیٹ بھی وڑگیا ۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات صرف شوشہ تھا۔ ٹکر کے لوگ ہونے کے دعویدار ایک تھپڑ کےلوگ ثابت ہوئے ۔ عوامی نیشنل پارٹی پی کے 75 پشاور کے زير اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ آج کے سیاست دان کرسی کے لئے بار بار اپنا نظریہ بدل رہے ہیں۔ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی دور اقتدار میں مزے لینے کے بعد دوسری پارٹی بنائی ہے۔صوبے کی تباہی میں شریک سیاست دان عوام کو دوبارہ بیوقوف بنا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سیاسی مفادات کیلئے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ آج پھر اسلام کے حصول کے نام پر اسلام آبادکی لڑائی لڑی جارہی ہے۔ اسلام کو زینہ بنا کر ذاتی مفادات کیلئے اقتدار پر پہنچنے والوں کو عوام جان چکے ہیں۔خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کے خواب دیکھنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جس میں پختونوں کو انکے حقوق حاصل ہوں۔