بلوچ سیاسی آواز کو ہمیشہ دہشتگردی ظاہر کرنیکی کوشش کی گئی، نذیر بلوچ

December 05, 2023

کوئٹہ(پ ر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی چیئرمین نذیر بلوچ نے کہا ہے کہ خاص منصوبہ بندی و نوآبادیاتی سازشوں کے ذریعے بلوچ کی سیاسی آواز کو دبانے کے لئے ہمیشہ سیاسی احتجاج یا آواز بلند کرنے کو بزور طاقت دہشت گردی یا انتہاء پسندی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی جس کا سب سے بڑا نقصان یہی ہوا کہ بلوچستان میں تمام طبقات باالخصوص نوجوانوں پر سیاست و سیاسی فیصلہ ساز اداروں میں نمائندگی یا آواز کو مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ نوجوانوں کو سازش کے طور پر انتہاء کی طرف لے جایا گیا جس سے آج بلوچ کے ہر گھر میں ماتم و احتجاج اور فریاد کا سماں ہے لیکن بلوچ سیاسی آواز کو دبانے کی آڑ میں ہمیشہ نام نہاد خوشامدی و منفی ٹولے کو نوازا گیا جنکا تعلق ہمیشہ سے بلوچستان میں سماج دشمنی و رد سیاست طبقے سے رہا ہے۔ بلوچستان کے سیاسی مسئلے کو حل کرنے کے لئے بلوچ سیاسی تاریخ،جغرافیائی و تاریخی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے بطور قوم بلوچ کے مسائل پر اگر توجہ دیاجاتا تو بلوچ قوم شدید مایوسی و نفرت کا شکار نہ ہوتی۔