پینے کا صاف پانی اور سیوریج کی صورتحال شہر کے بڑے مسائل، حافظ نعیم

December 05, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی اور سیوریج کی صورتحال شہر کے بڑے مسائل ہیں لیکن یہ معاملات ٹاؤن کی عمل داری میں نہیں آتے ان کا تعلق براہ راست کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے ہے جو کے ایم سی اور میئر کی عملداری میں آتے ہیں، جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے ٹاؤن چیئر مین و یوسی چیئر مین اپنے اختیارات سے بڑھ کر عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹاؤن چیئر مین کو اختیارات ملے تقریباً ڈیڑھ ماہ ہوگئے ہیں لیکن عبوری مدت کے خاتمے کے بعد یوسیز کی سطح تک اختیارات تاحال منتقل نہیں ہوئے ہیں، یوسیز چیئر مینوں کو اپنے دستخط سے فنڈ نکالنے کے اختیارات نہیں اور ابھی تک سابقہ یوسیز کا نظام پوری طرح ختم نہیں ہو سکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہریوں کے بلدیاتی مسائل کے حل، جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یوسیز میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مالی و انتظامی طور پر درپیش مشکلات اور آئندہ کے روڈ میپ اور منصوبہ بندی کے حوالے سے گلشن ٹاؤن، لیاقت آباد ٹاؤن، نئی کراچی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے دورے اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاسوں میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران، امرائے اضلاع،ضلعی سکریٹریز، انچارجز کوآرڈینیشن کمیٹی اور متعلقہ ٹاؤنز کے چیئرمین اور یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین نے شر کت کی،حافظ نعیم الرحمنٰ نے مختلف حوالوں سے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور منتخب نمائندوں و جماعت اسلامی کے ذمہ داران پر زور دیا کہ جتنے بھی مالی و انتظامی اختیارات و وسائل دستیاب ہیں ان کے ساتھ بھرپور منصوبہ بندی سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔