امن کے قیام کیلئے ہر طبقے کو ساتھ لیکر چلیں گے ‘نایاب معیز

December 07, 2023

پشاور(جنگ نیوز)پشاور کے آن لائن ٹیکسی ڈرائیوروں کے وفد نے میاں اشفاق کی قیادت میں گزشتہ روز اے ایس پی حیات آباد نایاب معیز سے ملاقات کی جس میں آن لائن کمپنیز کی افادیت پر روشنی ڈالی گئی۔وفد نے اےایس پی حیات آباد کو کہا کہ ایک نجی سروس میں ڈرائیور اور سواری کو مکمل تحفظ حاصل ہے کیونکہ انکی اپنی ہیلپ لائن ہے تاہم دوسری نجی سروس کا پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں کہیں بھی دفتر قائم ہے اور نہ ان کا کوئی رابطہ نمبر ۔کمپنی کو جو معلومات ملتی ہیں اسی کو بنا تصدیق کے درج کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے ڈرائیور اور سواری دونوں غیر محفوظ ہوتے ہیں۔ اے ایس پی نے وفد کو کہا کہ حیات آباد میں کسی بھی سروس کے ڈرائیور کو پولیس کی جانب سے مکمل تحفظ حاصل ہے ۔جرائم پیشہ افراد اور منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔