سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج

February 25, 2024

فائل فوٹو

سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج صبح ہوگا، 168 نومنتخب ارکان میں سے 147 نے حلف اٹھالیا۔

پیپلز پارٹی کے نامزد اسپیکر سید اویس شاہ اور ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کے کاغذات درست قرار دے دیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ چاہتی ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا انتخاب بلامقابلہ ہو۔

ذرائع کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن کو ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے بات چیت کی ذمے داری دی گئی ہے۔

سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں پیپلز پارٹی کے ایک سو گیارہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے چھتیس اراکین شامل تھے۔

جماعت اسلامی، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان حلف لینے نہیں آئے۔

اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان کو مبارک باد دی، نومنتخب ارکان نے سندھی، اردو اور انگریزی میں حلف اٹھایا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے لیے نامزد سید مراد علی شاہ کی حلف برداری پیر کو متوقع ہے۔