جناح اسپتال گائنی وارڈ کی ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے کی تحقیقات و کارروائی کا حکم

February 25, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیرصحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے جناح اسپتال گائنی وارڈ کی ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے ،تیمار داروں کا پر تشدد رویہ ناقابل برداشت ہے۔نگراں وزیر صحت سندھ کی جانب سے 21فروری کو جناح اسپتال کی خواتین ڈاکٹروں کو تیمارداروں کی جانب سے ہراساں کرنے اور دھمکانے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا۔انہوں نے آن کال ڈاکٹر پر تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تیمارداروں کے رویے کو ناقابل برداشت قرار دےدیا۔مراسلے میں نگراں وزیر صحت سندھ نے ملوث افراد کے خلاف انکوائری شروع کرنے اور تین روز کے دوران رپورٹ اپنے دفتر میں جمع کروانے کی ہدایت دےدی ہے۔واضح رہے کہ 21 فروری کے واقعہ کی ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مریض کی اٹینڈنٹ جناح گائنی وارڈ کی خواتین ڈاکٹروں کو دھمکارہی ہیں،معاملے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کرکے ایف آئی آر بھی درج کروائی تھی۔