کراچی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

February 26, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے آئینی،قانونی اور جمہوری جدوجہدکریں گے، کراچی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، جس کی ذمہ داری کرپٹ و نا اہل افسران، ان کو مسلط کرنے اور ان کی سرپرستی کرنے والی حکومت پر عائد ہوتی ہے، ہم کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ نہیں ہونے دیں گے، ہم نے انتخابی مہم کی تمام تر مصروفیات کے باوجود انٹر سال اوّل کے متنازع نتائج کے حوالے سے کراچی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کے مسئلے کو اُٹھایا اور آج بھی ہم متاثرہ بچوں کے ساتھ ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ کی کمیٹی کی رپورٹ میں بھی اس کا تذکرہ ہے کہ ان بچوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے جس کا چند گریس مارکس دینے سے ازالہ نہیں ہو گا اس لیے ضروری ہے کہ ان نتائج کو منسوخ کیا جائے اور بارہویں جماعت کے امتحانات اور نتائج مکمل شفاف بنائے جائیں او ر اسی کی بنیاد پر گیارہویں جماعت کے نتائج کا فیصلہ کیا جائے،پورے سندھ میں بارہویں جماعت کا پیپر ایک ہی ہونا چاہیئے اور اسی بنیاد پر میڈیکل و انجینئرنگ کے داخلے دیئے جائیں، جب سندھ ٹیکسٹ بک بورڈکا نصاب ایک ہی ہے تو پرچہ اور امتحانات الگ الگ کیوں ہوتے ہیں۔