ٹھنڈے مزاج بابر اعظم شائقینِ کرکٹ پر کیوں برس پڑے؟

February 26, 2024

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ای) 9 کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم شائقینِ کرکٹ پر آگ بگولہ ہو گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

23 فروری کو ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے 9 ویں میچ میں بابر اعظم کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی، اوپننگ بلے باز و کپتان 26 گیندوں پر 31 رنز اسکور کر کے پویلین لوٹ گئے۔

ابھی ملتان سلطانز کے خلاف پشاور زلمی کی بیٹنگ جاری تھی اور زلمی کے کپتان بیٹھے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گفتگو میں مصروف تھے کہ اچانک اسٹیڈیم میں موجود چند منچلوں نے بابر اعظم کے خلاف ’زمبابر‘ کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔

اسٹیڈیم میں موجود ان منچلوں کے نعرے زلمی کے کپتان کو ایک آنکھ نہ بھائے اور انہوں نے غصے سے نعرے لگانے والوں کو پانی کی بوتل سے مارنے کا اشارہ کر دیا جو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا۔

بس پھر کیا تھا یہ ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی، جس میں بابر اعظم غصے میں اپنا آپا کھوتے ہوئے منچلوں کو اپنے پاس بلا کر انہیں مارنے کا اشارہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کا تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بابر اعظم صرف زمبابوے جیسی دیگر چھوٹی ٹیموں کے خلاف ہی بڑے اسکور کر سکتے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں ’زمبابر‘ پکارا جاتا ہے۔

پی ایس ایل 9 کے 9 ویں میچ میں بابر اعظم کی قیادت میں زلمی نے ٹورنامنٹ کی ناقابلِ شکست ٹیم ملتان سلطانز کو 5 رنز سے ہرا کر جیت کی جانب پہلا قدم بڑھایا ہے۔