پشتونخوا ایس او 4سے6مارچ تک تعلیمی مہم چلائیگی‘ سیف اللّٰہ کاکڑ

February 28, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی آرگنائزر سیف اللہ کاکڑ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر 4 سے 6 مارچ تک 3 روزہ تعلیمی مہم چلانے کا اعلان کردیا ۔ اس بات کا اعلان انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر عظیم افغان ، یار محمد بریال ، نواز کاکڑ ، امین اچکزئی ، بشیر افغان و دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملک کے باشعور ، جمہوریت پسند قوم دوست ، ترقی ، روشن فکر طلباء و طالبات کی جمہوری سیاسی تنظیم اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی بازو کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ملک میں آئین کی بالادستی ، جمہوریت کی بحالی ، جمہوری اداروں کی مضبوطی ، پارلیمنٹ کی خود مختاری ، قانون کی حکمرانی اور میڈیا کی آزادی کیلئے پارٹی کے شانہ بشانہ جدوجہد کے ساتھ تعلیمی اداروں میں طلباء کے جائز حقوق ، میرٹ کی بحالی ، طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے ، تعلیم کی مفت فراہمی اور پشتو زبان کو قومی زبان کا درجہ دلانے کے لئے مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی 54 فیصد آبادی تعلیم سے محروم اور خواندگی کی شرح صرف 46 فیصد ہے ۔ اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 17 لاکھ سے بڑھ کر 2 ملین تک پہنچ چکی ہے جن میں 12 لاکھ ڈراپ آؤٹ بچے ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد بچے سکول میں داخلے سے محروم ہیں ۔ 7000 سے زائد اسکول چھت سے محروم اور 1800 مکمل بند جبکہ 3500 سے زائد سکولز بند ہو نے کے قریب ہیں۔ 6000 سکولوں میں صرف ایک ایک استاد تعینات ہے ۔ 14 فیصد گھوسٹ اساتذہ ہیں ۔ تعلیم کیلئے مختص بجٹ میں سے 80 فیصد تنخواہوں اور غیرترقیاتی اخراجات کی مد میں صرف ہوتا ہے ۔ گزشتہ سال ٹیکسٹ بک بورڈ ، محکمہ خزانہ کی نااہلی کی وجہ سے نصف سال گزرنے کے باوجود تعلیمی اداروں اور طلباء و طالبات کو کتب کی فراہمی نہیں ہوسکی اس تمام تر صورتحال میںپشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر 4 سے 6 مارچ تک 3 روزہ تعلیمی مہم چلا رہی ہے جس کا مقصد ہر بچے کو اسکول میں داخل کرانا اور اساتذہ کی اسکولوں میں حاضری کو یقینی بنانا ہے ۔