گیس کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ،پشتونخوامیپ

February 28, 2024

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، سینئر معاونین سیکرٹری سعید خان کاکڑ، جمشید خان دوتانی ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ، مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی ، اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ ، آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی ودیگر ضلعی ایگزیکٹیوز نے ایک بیان کہا ہے کہ حکمرانوں اور کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک بالخصوص ہمارے صوبے کے عوام توانائی کے شدید بحرانوں کے باعث موسم گرما میں بجلی اورموسم سرما میں گیس سے محروم رکھا جاتا ہے ۔گرمیوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور سردیوں میں گیس پریشر کی شدید کمی کے باعث ہمارے عوام ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں ۔ ایک جانب بھاری بلوں کی ادائیگیاں ، کمپنیوں کی لوٹ مار پر مبنی بھاری جرمانوں ، غیر ضروری ٹیکسز وچارجز کی ادائیگی اور دوسری جانب مہنگائی وبیروزگاری کی صورتحال نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، بیان میں کہا گیاکہ گیس صوبے کی پیداوار ہے اور اب دیگر علاقوں میں بھی دریافت کی جاچکی ہے لیکن نہ ہی اس صوبے کے تمام اضلاع میں گیس کی سہولت عوام کو دی گئی ہے نہ ہی جہاں گیس دریافت کی گئی وہاں کے لوگوں کو گیس دی گئی ہے ۔ جس کی پشتونخوامیپ مذمت کرتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں اس وقت ہر علاقے میں لوگ احتجاج پر مجبورہیں اگرگیس کمپنی نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت سے ہر علاقے میں احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔