بجلی لوڈشیڈنگ تاجروں کا معاشی قتل ہے‘ مجیب الرحمٰن

February 28, 2024

پشاور (وقائع نگار )پشاور کی تاجر برادری نے گھنٹوں بجلی لوڈشیڈنگ کو تاجروں کا معاشی قتل قرار ددیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے کاروبار کرنے دیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہونگے اس بات کا فیصلہ تاجر اتحاد خیبر پختونخوا کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جو زیر صدارت مجیب الرحمٰن منعقد ہوا جبکہ اجلاس میں مختلف بازاروں کے صدور شوکت اللہ ہمدرد، وحید خان، عزیز خان، ظفر منہاس، نثار خلیل، سہیل خا ن اعوان، نصیر الدین ہاشمی، آفتاب احمد، آیاز خان، حاجی فضل کریم، شیخ اسلم،جعفر خان، احسان اللہ خان، فضل حیات،ہمایون خان خلیل، آصف خان، اِبراھیم خان، ملک انیس، حاجی فیاض اور دیگر مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں پانچ پانچ گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جو تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے تاجروں کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث درزیوں اور دیگر کاریگر برادری کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،بجلی ہر روز مہنگی ہونے کے باوجود نہیں ہوتی جو افسوس ناک ہے، تاجر پہلے ہی مہنگائی اور دیگر مسائل سے پریشان ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔