غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر اسرائیلی صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

February 28, 2024

اسرائیلی صحافییوول ابراہم (بائیں جانب) اپنے فلسطینی ساتھی باسلادرا کے ساتھ برلن فلم فیسٹول میں (تصویر سوشل میڈیا)۔

غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر اسرائیلی صحافی اور فلموں کے ہدایت کار یوول ابراہم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔

یوول ابراہم کو برلن فلم فیسٹول سے واپسی کی پرواز بھی منسوخ کرنی پڑگئی، اسرائیلی صحافی اور ان کے فلسطینی شریک ہدایت کار باسل ادرا کو فلم "نو ادر لینڈ" کے لیے بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ ملا تھا۔

اس موقع پر اپنی تقریر میں یوول نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان برابری، جنگ بندی اور نسل پرستی کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

برلن کے میئر اور جرمنی میں اسرائیل کے سفیر سمیت اعلیٰ سطح کے جرمن اہلکاروں اور اسرائیلی حکام کی جانب سے ابراہم کی تقریروں پر یہود دشمنی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

ابراہم نے کہا ہے کہ یہود دشمنی کا غلط استعمال نہ صرف اسرائیل کے فلسطینی ناقدین کو خاموش کرنے کیلئے بلکہ مجھ جیسے اسرائیلیوں کو بھی خاموش کرنے کے لیے کیا جارہا ہے جو جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں۔

ابراہم اور ان کے فلسطینی شریک ہدایت کار باسل ادرا کی مشترکہ فلم میں اسرائیلی حکام کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے مکانات سے بے دخلی اور مسماری کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔