• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: خاتون کی انسپکٹر کو محبت نہ کرنے پر خود کشی کی دھمکی، مقدمہ درج

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت میں پولیس انسپکٹر کو ’مجھ سے محبت کرو ورنہ میں خود کشی کرلوں گی‘ کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو کے رام مورتی نگر پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خاتون پر پولیس انسپکٹر کو مسلسل ہراساں کرنے، سرکاری ذمے داریوں میں رکاوٹ ڈالنے اور محبت کی پیشکش قبول نہ کرنے کی صورت میں خود کشی کی دھمکی دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

45 سالہ انسپکٹر نے مقدمے میں بتایا ہے کہ خاتون مجھے 30 اکتوبر سے مسلسل مختلف فون نمبروں سے بار بار کالز کرتی ہے، تصویری پیغامات بھیجتی ہے اور اعلیٰ سیاسی شخصیات کے اثر و رسوخ کا رعب بھی ڈالتی ہے۔

انسپکٹر نے بتایا کہ خاتون اپنی غیر مربوط گفتگو میں وزیرِ اعلیٰ، نائب وزیرِ اعلیٰ، وزیرِ داخلہ سے اپنے قریبی تعلق کا ذکر کرتی ہے، وہ اعلیٰ شخصیات کے ساتھ اپنی تصاویر بھی ارسال کرتی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون نے صرف دھمکیاں ہی نہیں دیں بلکہ جذباتی اور نامناسب خطوط بھی لکھے، جن میں چند خون سے تحریر شدہ ہیں۔

متن کے مطابق خاتون اپنے خطوط اور ادویات بھی انسپکٹر کے دفتر چھوڑ کر جا چکی ہے، جس سے اُس کے جنونی رویے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ یہ خاتون ماضی میں دیگر پولیس اور سرکاری افسران کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے رویے کا مظاہرہ کر چکی ہے۔

12 دسمبر کو پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی اور خودکشی کی دھمکی کے بعد انسپکٹر نے باقاعدہ شکایت درج کروائی، جس کے بعد مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

ایف بی آر کے متن کے مطابق خاتون کو بتا دیا تھا کہ وہ جس نمبر پر رابطہ کرتی ہیں، وہ عوامی خدمت کے لیے مختص سرکاری نمبر ہے، اس پر بلا ضرورت کالز اور پیغامات نہ بھیجیں، لیکن سلسلہ جاری رہا، جس سے ذہنی اذیت میں اضافہ ہوا اور روزمرہ کے فرائض میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید