روشنی کے گرد پتنگے کیوں چکر لگاتے ہیں؟

March 03, 2024

آپ نے دیکھا ہوگا کہ پتنگے روشنی کے گرد دیوانوں کی طرح چکر لگاتے ہیں۔ اب تو شمع جلانے کا رواج تقریباً معدوم ہوگیا ہے اور اس کی جگہ مصنوعی لائٹس نے لے لی ہے، اب پتنگے بلب کی روشنی کے گرد بھی گھومتے رہتے ہیں۔ پتنگوں کی تعداد زیادہ ہوجانے کی صورت میں بلب بند کردیا جاتا ہے۔

اس کا تجربہ آپ نے گھر یا دیگر جگہوں پر بھی کیا ہوگا، مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یہ پتنگے روشنی کے گرد کیوں گھومتے ہیں؟پتنگے خود کو جگمگانے کے خواہشمند نہیں ہوتے بلکہ یہ ان کا اندرونی جی پی ایس یا میکنزم ہوتا ہے جو انہیں روشنی کے گرد چکرلگانے پر مجبور کر دیتا ہے۔

تیز اور مصنوعی روشنی ان کے اوپر نیچے ہونے کی حس کو گڑبڑا دیتی ہے۔کیڑے اپنی پرواز کی سمت کو اس حقیقت کو مدنظر رکھ کر طے کرتے ہیں کہ آسمان زمین سے کہیں زیادہ روشن ہوتا ہے۔ دراصل پتنگے مسلسل اپنی پرواز کی سمت کو درست کرتے رہتے ہیں اور جب انہیں روشنی کا کوئی ذریعہ نظر آتا ہے تو پتنگے اور دیگر کیڑے اپنی سمت کو درست رکھنےکے لئے اس کے گرد چکر لگاتے ہیں، جس سے ہمیں ان کے روشنی کی جانب کھنچے چلے جانے کا احساس ہوتا ہے۔ آسان الفاظ میں مصنوعی روشنی متعدد کیڑوں کی آسمان کی جانب پوزیشن برقرار رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے اور وہ ہمارے بلب کے گرد پھنس کر رہ جاتے ہیں۔