عید مبارک

April 07, 2024

پیارے بچو !جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ رمضان مبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ "عید الفطر" نے دروازے پر دستک دے دی ہے۔ اس تہوار کی رونق اور خوشی کا کوئی متبادل نہیں۔ عید کا نام آتے ہی آپ سب کے چہرے کھل اٹھتے ہیں۔ یہ خوشی ایک ماہ کی عبادت کے بعد میسر ہوتی ہے۔ جسے انعام کا دن کہا جاتا ہے۔

عید الفطر دنیا کے ہر کونے میں بسے مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا اور سب سے اہم تہوار ہے۔ عید نام ہے خوشیاں منانے کا، دوستوں سے عزیزوں سے ملنے کا، روٹھوں کو منانے کا، بچھڑوں کو ملانے کا، صلہ رحمی کا، رنجش دور کرنے کا۔ آپ نئے کپڑے پہن کر اپنے بڑوں سے عیدیاں وصول کریں گے اور خوب موج مستی کریں گے لیکن اپنی خوشی میں غریبوں، یتیموں، بے سہارا لوگوں کو بھی شامل کریئے گا۔

فلسطینی بچوں کی سسکیوں سے دل سوگوار اور آنکھیں اشکبار ہیں آپ کشمیر، فلسطین میں بسنے والےبچوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا جو عید بھی ڈر اور خوف کے سائے تلے منا رہے ہیں۔ یااللہ عید کے اس خوشی کے دن ہر مومن کا دامن خوشیوں سے بھر دے ۔ امین

آپ کی آنی مسرت راشدی