میں بھی روزہ رکھوں گی

March 31, 2024

آمنہ خورشید

میرے پیارے بچو! رمضان کا مہینہ ہے اور ننھی منی سارہ روز امی جان سے ضد کرتی ہے کہ،’’ مجھے بھی روزہ رکھنا ہے‘‘۔ ایک دن جب سب سحری کرنے اٹھے تو امی جان نے دیکھا۔ سارہ بھی آنکھیں ملتی ہوئی دسترخوان پر بیٹھی ہوئی ہے۔

دادو جان نے پیار سے اس کے بال سہلائے اور اسے گود میں بٹھا لیا۔

’’ارے میری پیاری بٹیا کیوں اٹھ بیٹھی؟ ‘‘

’’دادو! کل شام کو دادا ابا نے بتایا تھا سحری کرنا بہت ثواب کا کام ہے۔ ‘‘ سارہ نے توتلی زبان میں بتایا تو سب مسکرانے لگے۔

دوپہر کو جب امی جان کچن میں مصروف تھیں تو سارہ بھی کچن میں آگئی۔

’’امی جان! آج میں نے روزہ رکھا ہے ناں! ‘‘ سارہ نے شوق سے پوچھا۔

تو امی جان کو ہنسی آگئی۔ کیونکہ کچھ دیر پہلے ہی انہوں نے سارہ کو شہد کے ساتھ کیلا ملائی کھلایا تھا۔ لیکن انہوں نے سارہ کے شوق کو دیکھتے ہوئے کہا۔ ’’جی بیٹا! ‘‘

’’تو میرا روزہ کہاں ہے؟‘‘ سارہ نے بہت پریشانی سے پوچھا ۔

امی جان نے بتایا کہ ہم روزہ کسی خاص جگہ پر نہیں رکھتے۔ لیکن سارہ کی سمجھ میں نہیں آیا۔

’’دادا ابا! ہم روزہ کہاں رکھتے ہیں؟‘‘

دادا ابا نے اخبار کے اوپر سے سارہ کو دیکھا ۔ وہ بہت فکر مند لگ رہی تھی۔ انہوں نے بھی امی جان کی طرح کا جواب دیا۔

عصر کے بعد سارہ بھیا کے کمرے میں تھی جو کتاب تھامے کسی گہری سوچ میں گم تھے۔

’’بھیا ! ہم روزہ کہاں رکھتے ہیں۔ ‘‘ اس نے پوچھا اور اچھل کر پاس پڑے سٹول پر بیٹھ گئی۔ بھیا نے دیکھا سارہ آسانی سے تو ماننے والی نہیں تو کہہ دیا کہ ’’فریج میں!‘‘

’’اچھا!‘‘ یہ کہتے ہی سارہ نے کچن کی جانب دوڑ لگا دی ،جہاں امی جان فریج سے فروٹ نکال رہی تھیں۔

’’امی جان! ایک منٹ!بھیا نےکہا ہے میرا روزہ فریج میں ہے! مجھے نکال کر دیں ناں!‘‘ امی جان نے مصنوعی غصے سے اس کی جانب دیکھا۔

’’سارہ بیٹا! میں نے آپ کو صبح بتایا تھا کہ ہم رو زہ ۔۔! اچھا چھوڑیں! یہاں آئیں!‘‘ پھر انہوں نے سارہ کو شیلف پر بٹھا لیا۔

’’آپ کو پتہ ہے روزہ کسے کہتے ہیں؟ ‘‘ انہوں نے پیار سے پوچھا۔ ’’نہیں تو!‘‘ سارہ نے سر ہلایا۔

’’سنو! سارا دن۔۔ کچھ نہ کھانا ۔۔۔ کچھ نہ پینا کو روزہ کہتے ہیں!‘‘ امی جان نے اسے تین چار بار کہلوایا تو ہماری ذہین سارہ کو روزے کی تعریف یاد ہوگئی۔

’’اچھا امی جان! میں دادو کو بتا کر آتی ہوں!‘‘ یہ کہتے ہی سارہ نے چھلانگ لگائی اور یہ جا وہ جا۔

’’دادو جان! آپ کو پتہ ہے روزہ کسے کہتے ہیں؟ میں بتاؤں! ‘‘ سارہ نے بے صبری سے پوچھا تو دادو مسکرا اٹھیں۔

’’ہاں ہاں بتلاؤ!‘‘

’’سارا دن ۔۔ کچھ نہ کھانے کچھ نہ پینےکو روزہ کہتے ہیں۔ ‘‘ سارہ نے مزے سے بتایا اور افطاری تک تو گھر کے ہر فرد کو روزہ کی تعریف ازبر ہو چکی تھی۔

جب سب افطار کرنے بیٹھے تو یکدم سارہ کو یاد آگیا۔

’’امی جان!‘‘

’’جی بیٹا! کہیے۔ ‘‘ امی جان شربت کا جگ میز پر رکھتے ہوئے بولیں۔

’’میرا روزہ کہاں گیا؟‘‘ یہ سنتے ہی امی جان نے سر پیٹ لیا اور سب ہنس پڑے۔