آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے آواز بلند کرینگے‘ راحب بلیدی

March 03, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے ممبر چیئرمین بین الصوبائی رابطہ کمیٹی و ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود اچکزئی کے قومی اسمبلی اجلاس میں مارشل لاء کے دور میں پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججز کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہےکہ پاکستان کی تاریخ میں وکلاء ججز نے آئین کی بالادستی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی جمہوریت کے استحکام آزادانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے بلوچستان کے وکلاء نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بیان میں کہاگیاحالیہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک بھر میں پارلیمنٹ کے اندر اورپارلیمنٹ کے باہر احتجاج جاری ہے بلوچستان بار کونسل ملک بھر کی دیگر وکلاء تنظیموں اور جمہوریت پسند پارٹیوں کے ساتھ مل کر آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے آواز بلند کرے گی۔