پیپلز پارٹی نے اہم عہدوں پر سنجیدہ کارکنوں کو نظرانداز کیا‘ رحیم کاکڑ

March 03, 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، ڈاکٹر منصور خان، ڈاکٹر رستم خان، ڈاکٹر خوشحال خان، ڈاکٹر عبداللہ خان، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، بہلول خان اور احمد ولی نے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے دیرینہ رہنمائوں اور کارکنوں کو عوامی عہدوں کیلئے منتخب نہ کرکے جعلی نمائندوں کو اہم عہدوں پر منتخب کیا جسے سنجیدہ کارکن قبول نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تماشا لگایا ہوا ہے ، وہ دن دور نہیں جب عوام کی مرضی کی حکومت آئے گی جو عوام کے حقوق کیلئے اقدامات کرے گی۔درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ و دیگر نے ایک اور بیان میں کہا کہ ضلع کوئٹہ میں بے قابو مہنگائی، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کو کون کنٹرول کرے گا ۔ اشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی ہیں۔ کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں برائے نام رہ گئی ہیں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ رمضان المبارک سے قبل حکومت گرانفروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف پہنچائے۔