فیکٹری مالک پر مقدمہ،دل کا دورہ پڑنے پر مالک اسپتال منتقل

July 05, 2016

افضل ندیم ڈوگر... نیو کراچی میں کمپریسر کے دھماکے کے باعث منہدم آئس فیکٹری کے مالک کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ،واقعہ میں 6 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ فیکٹری کے مالک کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں قائم ثاقب آئس فیکٹری اینڈ کولڈ اسٹوریج میں پیر کو کمپریسر کے دھماکے سے عمارت منہدم ہوگئی تھی، پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ہلاک 6 افراد کے لواحقین نے ایف آئی آر درج کرانے میں دلچسپی نہیں لی جس پر اس واقعہ کا مقدمہ نمبر 2016/121 سرکار کی مدعیت میں فیکٹری کے مالک اقبال کے خلاف درج کرلیاہے۔

فیکٹری مالک اقبال پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 322 عائد کی گئی ہے، جس کے تحت اقبال پر اپنے کارخانے میں غیرمعیاری کمپریسر نامناسب جگہ پر نصب کرنے اور غفلت لاپرواہی کا مرتکب ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد فیکٹری مالک کو دل کا دورہ پڑا جس پر اسے مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ اسی بنیاد پر مقدمے میں نامزد اس ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔