اعظم خان اور نسیم شاہ کی جگل بندی، پرواز کنسرٹ کا منظر پیش کرنے لگی

March 11, 2024

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل9) کی فرینچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان اور نسیم شاہ نے دوران پرواز ’کہانی سنو‘ گا کر سماں باندھ دیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 27ویں اور اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا تو اعظم خان اور نسیم شاہ نے منفرد انداز میں جشن منایا۔

مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹز پر پی ایس ایل 9 کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے اعظم خان اور نسیم شاہ کی ایک خوبصورت ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اعظم خان اور نسیم شاہ کو سُروں کا جادو چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوران پرواز لیاری سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار کیفی خلیل کا عالمی شہرت یافتی گانا ’کہانی سنو‘ سنا مسافروں پر سحر طاری کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ اس طرح وہ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد پنڈی سے کراچی کے لیے اُڑان بھرلی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو اسی پرواز کے دوران کی ہے۔