کیا وضو کے بغیر موبائل، کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر قرآن پاک کی تلاوت کی جاسکتی ہے؟

March 23, 2024

--- فائل فوٹو

سوال: کہا جاتا ہے کہ وضو یا طہارت کے بغیر موبائل، کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین پر قرآن پاک کی تلاوت کی جاسکتی ہے، اسی طرح خواتین اپنے مخصوص ایام میں بھی چھوئے بغیر تلاوت کرسکتی ہیں، کیا یہ درست ہے؟

کیا کوئی شخص وضو اور طہارت کے بغیر اسکرین پر سورۂ یٰس پڑھ سکتا ہے اور اسکرین کو چھو بھی سکتا ہے؟ (میاں محمد ریاض)

جواب: کسی مسلمان کا قرآن کی تلاوت کا شوق رکھنا، ایک سعادت اور نیکی ہے، رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:

ترجمہ: ’مومن کی نیت اُس کے عمل سے بہتر ہے اور منافق کا عمل اس کی نیت سے بہتر ہے اور ہر شخص اپنی نیت کے مطابق عمل کرتا ہے، پس جب مومن (اپنی نیتِ صالح کے مطابق) عمل کرے تو اُس کے قلب میں ایک نور پیدا ہوتا ہے۔ (المعجم الکبیر للطبرانی :5942)‘۔

یہاں نیت کے عمل سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ مومن جب نیک کام کی نیت کرتا ہے تو اُس کی نیت صادق اور صالح ہوتی ہے، جبکہ عمل میں کبھی کوتاہی بھی ہوجاتی ہے یا کوئی خامی بھی رہ جاتی ہے اور منافق کا عمل نیت سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ اس کی نیت تو اپنی اصل کے اعتبار سے فاسد ہوتی ہے، لیکن دکھاوے کے لیے بعض اوقات بظاہر عمل درست ہوتا ہے۔

(1) قرآنِ مجید (یعنی مُصحَفِ مقدّس ) کو وضو اور طہارت کے بغیر چھونا منع ہے، البتہ بے وضو زبانی تلاوت کرنا اگرچہ خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے، لیکن جائز ہے۔

موبائل یا لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کی اسکرین پر چونکہ قرآنی کلماتِ مبارکہ کے نقوش ثبت نہیں ہوتے، یہ محض سوفٹ ویئر ہوتا ہے، لہٰذا سوفٹ ویئر پر قرآنِ کریم کی تلاوت کرسکتے ہیں۔ اگر سوفٹ ویئر پر تلاوت کرتے ہوئے ورق پلٹنا پڑے تو سافٹ ویئر کے جس حصے میں آیات نظر آرہی ہیں، اُس حصے کو نہ چھوئیں، اطراف سے چھو کر ورق پلٹیں۔

جیسا کہ سطورِ بالا میں درج کیا ہے: افضل تو یہ ہے کہ باوضو اور باطہارت تلاوت کی جائے، لیکن بے وضو زبانی یا اسکرین پر تلاوت کرنا خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے، مگر جائز ہے۔

بعض اوقات انسان سفر کے دوران فلائٹ میں ہوتا ہے اور کئی حضرات اسکرین پر تلاوت کر رہے ہوتے ہیں، ممکن ہے وہ باوضو نہ ہوں، بہرحال یہ جائز ہے، لیکن افضل یہ ہے کہ حتی الامکان باوضو تلاوت کی جائے۔

(2) خواتین کے لیے ایامِ مخصوص میں قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا اور قرآنِ کریم کو چھونا بھی منع ہے، البتہ اگر کسی بلند جگہ سے اٹھا کر پڑھنے کے لیے بچے کو دینا ہے، تو کسی پاک کپڑے میں پکڑ کر دے سکتی ہیں۔

بعض قرآنی آیات دعاؤں پر مشتمل ہوتی ہیں، جیسے:(۱) رَبَّنَا آتِنَا فِیْ الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّفِیْ الْآخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّار،(البقرہ:201) (۲)رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصَّلاَۃِ وَمِنْ ذُرِّیَّتِیْ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَآء oرَبَّنَا اغْفِرْ لِیْ وَلِوَالِدَیَّ وَلِلْمُؤْمِنِیْنَ یَوْمَ یَقُومُ الْحِسَابُ، (ابراہیم:40-41) ایسے کلماتِ قرآنی کو تلاوت کی نیت سے نہیں پڑھ سکتیں، البتہ دعا کی نیت سے پڑھ سکتی ہیں۔

اب اگر ایسے میں آپ رحمتوں اور برکتوں والے اس ماہ مبارک سے متعلق کوئی بھی دینی و دنیاوی شرعی مسائل کا حل جاننا چاہتے ہیں تو دیے گئے لنک (https://ramadan.geo.tv/category/islamic-question-answers) پر کلک کیجئے۔