جیو، جنگ کے صحافی راجہ زاہد خانزادہ کے والد انتقال کر گئے

March 24, 2024

عبداللطیف خان خانزادہ---فائل فوٹو

معزز سماجی کارکن، جیو نیوز، جنگ کے ممتاز صحافی راجہ زاہد خانزادہ کے والد عبداللطیف خان خانزادہ انتہائی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

عبداللطیف خان خانزادہ کی نمازِ جنازہ ان کے پوتے معروف بزنس مین راجہ راحیل اختر خانزادہ کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی کمیونٹی کے افراد سمیت سماجی، ادبی اور سیاسی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

عبداللطیف خان کو امریکا کے شہر فورٹ ورتھ کے قریب مسلم قبرستان جاشوا سمیٹری میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

عبداللطیف خان عرصہ دراز سے امریکا میں اپنے بیٹے کے ہمراہ مقیم تھے، ان کو چند روز قبل ڈاکٹروں نے خون میں کینسر کی تشخیص کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے اختتام کے قریب ہیں۔

مرحوم بھارت میں پیدا ہوئے اور قیامِ پاکستان کے وقت ان کی عمر 19 برس تھی اور تحریک پاکستان کے اہم رکنُ رہے، قیام پاکستان کے اعلان کے بعد وہ پاکستان منتقل ہو گئے جبکہ ان کی آدھی فیملی کے افراد نے گڑگاؤں بھارت میں ہی قیام کا فیصلہ کیا۔

عبداللطیف خان نے پاکستان میں سیاسی، سماجی اور مذہبی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا، وہ لواحقین میں 5 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔

اس موقع پر ان کے بڑے بیٹے راجہ زاہد خانزادہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں میں عاجزی کے ساتھ کمیونٹی کے افراد کا ممنون ہوں جنہوں نے محبت دی اور مشکل کی اس گھڑی میں میرے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔