افسر شاہی کی غفلت‘ قومی خزانے کو 25 کروڑ نقصان کا خدشہ

March 28, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)محکمہ خوراک پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے راولپنڈی اسلام آباد کے سرکاری گندم گوداموں کا 18مارچ کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے ریاض اللہ خان اور صمد سیٹھی کے ساتھ جو معائنہ کیا اسکے مطابق محکمہ فوڈ پنجاب کی پالیسی سے پہلوتہی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک حکومت پنجاب کی پالیسی کو نظرانداز کر کے اسلام آباد کے پراونشل ریزروائر تھری میں معائنہ ٹیم نے یہ بات نوٹ کی کہ وہاں پر کم و بیش 25کروڑ روپے کی سرکاری گندم کے نقصان کا تخمینہ ہے۔ حکومت پنجاب کی پالیسی ہے کہ فلور ملوں کو پہلے گوداموں کے باہر کھلے آسمان تلے ترپالیں ڈال کر ذخیرہ کی گئی گندم کی سپلائی پہلے کی جائے اور اسکے بعد گوداموں کی چھت تلے پڑی سرکاری گندم ریلیز کی جائے مگر پی آر تھری اسلام آباد کے ذمہ داران نے اس پالیسی کی صریحاً خلاف ورزی کی۔ مہینوں سے گزشتہ فصل ربیع کی گوداموں کے باہر آسمان تلے رکھی گئی گندم ختم نہیں کی گئی مگر سرگودھا‘ بھکر سے آنیوالی گوداموں والی گندم ریلیز کی جاتی رہی۔ اس طرح معائنہ ٹیم کےابتدائی تخمینے کے مطابق25کروڑ روپے کے لگ بھگ مالیتی گندم انسانی خوراک کے معیار پر پورا نہیں اُتر رہی‘ ناقابل استعمال ہو چکی ہے۔