صدر مملکت سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

March 28, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

صدر آصف علی زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایوان صدراسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر نے پاک برطانیہ تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت اور برطانوی ہائی کمشنر نے دو طرفہ اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، پاک برطانیہ تعلقات کو اعلیٰ سطح کے رابطوں اور عوامی تعلقات سے تقویت ملی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ معیشت کا استحکام اولین ترجیح ہے۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔

صدر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے سنگین چیلنج ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے سے دو چار ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان میں سولر اور ونڈ انرجی کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے شاہ چارلس سوم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ہائی کمشنر جین میریٹ نے انہیں صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔