سائفر کیس ایک دو روز میں ختم ہوجائے گا‘ علیمہ خان

March 29, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق پر ہمارا ہی اعتماد ہے، وہ ہماری قدر کریں اور انصاف دیں۔ ڈونلڈ لو جھوٹ بول رہا ہے یا پھر اسد مجید جھوٹ بول رہے ہیں۔ سائفر کیس ایک دو روز میں ختم ہو جائے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہڈونلڈ لو کو بچانے کیلئے یہ کیس کیا گیا ہے۔ گواہ نے سلمان صفدر کو بتایا 9 کاپیاں سائفر کی گئی تھیں اور کتنی واپس آئی ہیں؟ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید سزا سنا دی۔ کیا جنرل باجوہ کی کاپی واپس آئی؟ کوئی جواز نہیں بنتا کہ چیف جسٹس عامر فاروق سائفر کیس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی کیس سنیں۔ ہم ججز سے انصاف مانگتے ہیں۔ ججز یہ کہیں کہ دبائو تھا یہ کس قسم کی بات ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی ہمت کو داد دیتی ہوں کہ کوئی جج ان کے ساتھ نہیں لیکن پھر بھی سائفر کیس سن رہے ہیں۔