اورنج لائن، گرین لائن ملانے کا منصوبہ مفت شٹل سروس چلائی جائے گی، شرجیل میمن

March 29, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اورنج لائن اور گرین لائن کو آپس میں ملانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ، انہیں جوڑنے کے لئے شٹل سروس شروع کی جائے گی، ابتدائی طور پر عید کے فوری بعد انو بھائی پارک ناظم آباد سے جناح وومن کالج، بورڈ آفس تک مفت شٹل سروس چلائی جائے گی، جب کہ نمائش تا ٹاور بھی شٹل سروس دی جائے گی۔ وہ جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، ٹرانس کراچی کی قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) شمائلہ محسن، ریڈ لائن، اورنج لائن، یلو لائن کے حکام، انٹرنیشنل کنسلٹنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔