پرویز الہٰی کو مزید چند دن اسپتال میں رکھا جاسکتا ہے، اسپتال ذرائع

March 29, 2024

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی---فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق پرویزالہٰی کا بلڈ پریشر، شوگر نارمل ہے۔

پمز اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم آج دوبارہ پرویزالہٰی کا معائنہ کرے گی، پرویزالہٰی کو مزید چند دن اسپتال میں رکھا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پرویز الہٰی کو رات گئے پسلیوں میں درد کی شکایت اٹھی تھی، درد کم کرنے کے لیے ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کو پین کلر دی تھیں۔

پمز اسپتال کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پسلیوں میں درد کی وجہ سے پرویز الہٰی کو بیٹھنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

دوسری جانب آج لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کو 4 اپریل کو فردِ جرم کے لیے طلب کر لیا ہے۔

جج ارشد حسین نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔

عدالت کے تحریری حکم کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی نے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹس جمع کرائی ہیں جن کے مطابق 17 مارچ کو پرویز الہٰی واش روم میں گر گئے تھے۔

تحریری حکم میں عدالت نے کہا ہے کہ گرنے سے پرویز الہٰی کی پسلی فریکچر ہوئی، میڈیکل افسر نے پرویز الہٰی کو 2 ہفتوں کے ریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔