گوجرانوالہ: چچا اور چچی کا کم عمر بھتیجوں پر تشدد، ایک زخمی، دوسرا جاں بحق

March 29, 2024

---فائل فوٹو

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ میں چچا اور چچی کا مبینہ طور پر کم عمر بھتیجوں پر تشدد کے نتیجے میں 7 سالہ سلطان جاں بحق جبکہ دو سالہ ثقلین شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق بچوں کے والدین منشیات کے الزام میں جیل میں ہیں، کل بچوں کو مبینہ طور پر ڈنڈوں سے مارا پیٹا تو 7 سال کے سلطان کی حالت بگڑ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچے کو چچا اسپتال لے گیا اور کہا ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا ہے، زخموں کی نوعیت دیکھ کر ڈاکٹرز نے پولیس کو بلا لیا۔

پولیس کے مطابق دوران علاج سلطان دم توڑ گیا جبکہ ملزمان میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے گوجرانوالہ میں کمسن بچوں پر مبینہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ ٹیم کو بچوں اور اہلخانہ سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سارہ احمد نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں چچا، چچی نے مبینہ طور پر کمسن بھتیجوں پر تشدد کیا، مبینہ تشدد سے 7 سال کا بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 سالہ بچہ زخمی ہوا ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔