پی ٹی آئی کور کمیٹی کا ججوں کے خط کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کا فیصلہ

March 29, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے خط کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ حاضر سروس ججوں کو جوڈیشل کمیشن کا حصہ بنایا جائے۔

رؤف حسن نے کہا کہ 15 پوائنٹ کا ایک ایجنڈا منظور کیا ہے، ان 15 پوائنٹس کا فوکس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط ہے، جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق موجودہ ججز کو حصہ بنایا جائے، جوڈیشل کنونشن بلایا جائے تاکہ معاملات سمجھ آئیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ یہ شوکت صدیقی کی کہانی نہیں یہ پی ٹی آئی کے ہر ورکر کی کہانی ہے، ہم قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ رابطہ کاری بڑھا رہے ہیں۔

رؤف حسن نے کہا کہ پیر سے روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔