پنجاب: سینیٹ انتخابات، تمام 5 نشستوں پر ن لیگی امیدوار سینیٹرز منتخب

April 02, 2024

پنجاب اسمبلی—فائل فوٹو

پنجاب میں سینیٹ کی تمام 5 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔

ایوان میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہا، پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں کل 356 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشستوں پر ن لیگ کے محمد اورنگزیب 128 ووٹ لے کر جبکہ مصدق ملک 121 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔

پنجاب سے سینیٹ کی خواتین نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمان اور بشریٰ بٹ کامیاب ہوگئیں۔

اسی طرح پنجاب سے سینیٹ کی اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے خلیل طاہر سندھو کامیاب ہوگئے ان کے مقابل سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق نے 99 ووٹ حاصل کیے۔ اقلیتی نشست کے لیے 4 ووٹ مسترد ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ووٹ ڈالا

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کےلیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

مریم اورنگزیب اور ثانیہ عاشق نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔

پہلا ووٹ بلال یامین نے کاسٹ کیا

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے لیے پہلا ووٹ ن لیگ کے رکنِ اسمبلی بلال یامین نے کاسٹ کیا۔

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خواتین نشست پر امیدوار بشریٰ انجم بٹ نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔

صوبائی وزراء صہیب برتھ، سہیل شوکت بٹ، بلال اکبر، شیر علی گورچانی نے بھی ووٹ کاسٹ کر لیا۔

کامیابی کیلئے پر امید ہوں: وزیرِ خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ و سینیٹ کے امیدوار محمد اورنگزیب پنجاب اسمبلی پہنچے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سینیٹ انتخاب میں کامیابی کےلیے پُر امید ہوں۔

حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب سے سینیٹ کے لیے خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات ہیں۔

پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان مقابلہ ہوا۔ خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور اقلیتوں کی 1 نشست پر پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔

خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار تھیں، سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید بھی خواتین کی نشست پر امیدوار تھیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک خواتین کی نشست سے دستبردار ہوگئی تھیں۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار تھے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار تھیں۔

اقلیتوں کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار خلیل طاہر سندھو، سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار تھے۔

پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ

الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔