حکومت کو ٹف ٹائم دینے کو اپوزیشن بےقرار

April 12, 2024

اپوزیشن اتحاد حال میں تشکیل پانے والی نئی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کےلیے بے چین ہوگیا۔

کوئٹہ میں تحریک انصاف، پی کے میپ اور میزبان بی این پی مینگل سمیت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام کل پشین اور چمن میں جلسے بھی منعقد کیے جائیں گے۔

تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی میں اپوزيشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ جو لوگ سمجھتے تھے کہ پی ٹی آئی ختم ہوگئی ہے یہ ان کی خام خیالی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی تحریک کا بلوچستان سے آغاز کرکے ملک بھر میں آواز اٹھائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں 27 اپریل کو جلسہ ہوگا، پنجاب میں بھی 3 جلسے کیے جائیں گے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ڈی ایم ٹو حکومت بنائی گئی ہے اور ملک میں ایک نہیں دو قوانین چل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الائنس ایک پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے کہ سب آئین و قانون کا احترام کریں، آئین و قانون کی بالادستی ہوگی تو سرمایہ کاری، تجارت اور ترقی ہوگی۔