حساس مقامات اور شاہراہوں پر سکیو رٹی انتظامات کو موثر بنایا جائے،حسین مقدسی

April 14, 2024

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے نوشکی میں مزدوروں اور مسافروں کے سفاکانہ قتل کے سانحے کی مذمت کرتے ہوئے اتوار 14 اپریل کو ملک بھر میں یوم ترحیم منانے کا اعلان کیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے اہل وطن سے اپیل کی کہ یوم ترحیم کے موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں ، دہشت گردی کی مذمت اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔ آغا مقدسی نے باور کرایا کہ سانحہ نوشکی سمیت ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں ازلی دشمن بھارت ملوث ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے موسوی امن فارمولے اور نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشت گرد ملکی امن ، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں لہذا قیامِ امن کے لئے عوام اور سکیورٹی اداروں کو ایک ہونا ہوگا ۔ انہوں نے باور کرایا کہ سی پیک نے پاکستان دشمن قوتوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں لہذا پوری قوم کو وسیع تر قومی مفاد کے لئے سیسا پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا ۔ انہوں نے سانحہ کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ مزدوروں اور مسافروں کے خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور حساس مقامات اور شاہراہوں پر سیکورٹی انتظامات کو موثر اور یقینی بنایا جائے ۔