کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ، چھٹیاں منسوخ

April 15, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں موجود کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ڈی جی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر تمام کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں نکاسی آب کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے، مشینریز کو مستقل فعال رکھا جائے اور تمام افسران و ملازمین کسی بھی ناگہانی صورتحال نمٹنے کے لئے 24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دیں انہوں نےمتعلقہ افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے چیف انجینئر کے ڈی اے کو احکامات جاری کئے کہ کے ڈی اے اسکیموں و ٹاؤن شپس سے بہنے والے نالے کے اطراف تمام تجاوزات کا خاتمہ کرکے نالے کی صفائی کی جائے۔