بلوچستان انجینئرنگ یونیورسٹی میں انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیاجائے ،پی ٹی یو ڈی سی

April 15, 2024

کوئٹہ (پ ر)پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذر مینگل ،صوبائی صدر غلام رسول ،یونس بلوچ ،یوسفی بلوچ ،عمران خان اور افضل خان نے مشترکہ بیان میں بلوچستان انجنئیرنگ یونیورسٹی میں چھوٹے ملازمین کو تنگ کرنے ،ان کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور منفی حربے استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ کے آپس کے اختلافات میں دوسرے ملازمین کو انتقام کا نشانہ بنانا باعث افسو س ہے ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میںخالی اسامیوںپر ان آفیسرز کو ترقی دینے جن کا حق نہیں بنتا ،اس حوالے سے میرٹ کو پامال کرنا اور مستحق پروفیسرز کی ترقی میں روڑے اٹکانے اوران کی حق تلفی کرنے پر حکام بالابالخصوص وائس چانسلر کو شکایت کردی گئی لیکن افسوس وائس چانسلر کی جانب سے ناس حوالے لاتعلقی اور بے بسی کا اظہار کیاگیا۔اب انتظامیہ کی جانب سے آپس میں چپقلش مذید بڑھ گئی اور چھوٹے ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔ان کے کنوینس الاؤنس کاٹے گئے ہیں ۔اوقات کار سے زیادہ ان سے ڈیوٹی لی جارہی ہے ۔جب ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی تو ان کے ایسوسی ایشن کےنمائندوں خلا ف مقدمہ درج کیا گیا ۔جو باعث افسوس ہے ۔انہوں نے گورنر بلوچستان اوریونیورسٹی کے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال اور چھوٹے ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیوں ،میرٹ کی پامالی کا نوٹس لیں ۔اور یونیورسٹی کے ا مور کی بہتری کے لیے اقدامات یقینی بنائیں ۔