ملائیکا اروڑا نے بیٹے ارہان خان کو والد جیسا ’غیر پرکشش‘ شخص قرار دے دیا

April 18, 2024

---فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و رقاصہ ملائیکا اروڑا نے اپنے بیٹے ارہان خان کو والد، اداکار و فلمساز ارباز خان جیسا ’غیر پرکشش‘ شخص قرار دے دیا۔

اداکارہ و ماڈل ملائیکا اروڑا نے بیٹے ارہان خان کے شو ’ڈمب بریانی‘ کی تازہ قسط میں بطور مہمان شرکت کی۔

شو کے دوران ملائیکا اروڑا نے اپنے سابق شوہر، ارباز خان کی اُن اچھی اور بری خصلتوں کے بارے میں بات کی جو اُن کے بیٹے ارہان کو وراثت میں ملی ہیں۔

ملائیکا اروڑا نے اپنے بیٹے کے والد کی طرح انصاف پسند ہونے پر تعریف کی، اُن کا کہنا تھا کہ ارباز خان ایک انصاف پسند اور منصف انسان ہیں اور اُن کا بیٹا بھی ویسا ہی ہے۔

مشہور ترین گانے ’چھئیاں چھئیاں‘ سے اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ ملائیکا نے شو کے دوران مزید کہا کہ یہ بہت حیران کن ہے کہ اُن کا بیٹا ارہان خان انداز میں ہوبہو اپنے والد جیسا ہے، اُنہیں یہ بات بالکل پسند نہیں کہ اُن کے بیٹے کی کئی خصلتیں اپنے والد سے ملتی جلتی ہیں جن میں سے ایک وقت پر فیصلہ نہ کرنا ہے۔

ملائیکا اروڑا نے اپنے بیٹے ارہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے والد غیر پرکشش شخصیت اور انداز کے مالک ہیں اور تم بھی بالکل اس معاملے پر اپنے والد پر گئے ہو۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُن کا بیٹا اپنے والد جیسا ہے جسے کچھ معلوم نہیں ہوتا ہے کہ اُسے کب جاگنا ہے، کیا پہننا ہے اور کیا کھانا پینا ہے۔

اس پر ارہان نے اپنی والدہ کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’مگر میری روٹین تو بہت اچھی بنی ہوئی ہے،‘ اس کے جواب میں اداکارہ نے بیٹے کی بہتر روٹین کا سارا کریڈٹ خود لیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی روٹین اس لیے منظم اور متوازن ہے کیوں کہ آپ کو میرے جیسی والدہ ملی ہوئی ہے۔‘

اس شو کے دوران کئی سیگمنٹ میں گفتگو کے دوران ماں اور بیٹے کے دوران نازیبا اور نامناسب موضوعات پر بھی کھل کر بات کی گئی ہے جس کے نتیجے میں بھارتی میڈیا پر ارہان خان اور ملائیکا اروڑا پر سخت تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔