نرگس فخری کافی نک چڑھی اور شاید مجھ سے حسد محسوس کرتی تھیں، مریحہ صفدر

April 19, 2024

بیرون ملک بھی اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مریحہ صفدر نے بالی ووڈ کی اداکارہ نرگس فخری پرنک چڑھے ہونے اور حسد کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

لندن سے اداکاری کی ڈگری حاصل کرنے والی اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران پروگرام، حاضرین میں سے ایک شخص نے اداکارہ سے بالی ووڈ میں کام کے حوالے سے سوال پوچھا کہ بالی ووڈ میں کام کا تجربہ کیسا رہا اور کس اداکار کے ساتھ کام کرنا اچھا لگا؟

انہوں نے بتایا کہ تمام ہندوستانی اداکار بہت پروفیشنل ہیں، ہر چیز وقت پر کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نرگس فخری کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔

مریحہ صفدر نے کہا کہ لیزا، جیکولین فرنینڈس اور بومن ایرانی سمیت تمام اداکاروں کے ساتھ میری اچھی دوستی تھی سوائے نرگس فخری کے۔ ہم سب ایک دوستانہ ماحول میں رہتے تھے لیکن نرگس فخری صرف اپنے بارے میں زیادہ سوچتی تھی۔ وہ ہمارے ساتھ میل جول نہیں رکھتی تھی اور حسد بھی کر رہی تھی کہ کل کی آئی لڑکی کو اتنا پروٹوکول کیوں مل رہا ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ مریحہ صفدر نے ریئلٹی شو تماشا گھر سے شہرت حاصل کی ہے تاہم انہوں نے اس سے قبل 2016 میں بالی ووڈ میںفلم ’ہاؤس فل 3‘سے ڈیبیو کیا تھا بعدازاں انہوں نے 2017 میں فلم ’گیسٹ ان لندن‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔