اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین پی اے سی پر مشاورت مکمل کرلی

April 24, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پر وزراء اور اتحادیوں سے مشاورت مکمل کرلی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پی اے سی کا معاملہ 2 دن میں حل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے وزراء اور اتحادیوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

سردار ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہوگی کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن لیڈر کو دینے کی مثبت روایت برقرار رہے۔

دوسری طرف ن لیگی رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہا کہ روایت ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جاتی ہے ، لیکن رولز میں ایسا کچھ نہیں، لیکن سب چیزوں کے باوجود پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن ہی کو دی جائے گی۔

اس سے قبل ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کے تحت قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب، کمیٹی ارکان اور کمیٹی چیئرمین مقرر کرنے کا اختیار اسپیکر کو حاصل ہے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ اسپیکر سے منسوب خبر کہ شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنایا جائے گا ،من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔