• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترجمان قومی اسمبلی کی چیئرمین پی اے سی سے متعلق اسپیکر سے منسوب خبروں کی تردید

ترجمان قومی اسمبلی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی سے منسوب خبروں کی تردید کردی۔

ایک بیان میں ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اسپیکر سے منسوب خبر کہ شیر افضل مروت یا کسی اور ممبر قومی اسمبلی کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنایا جائے گا، من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت اسپیکر کو قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب، کمیٹی ارکان اور کمیٹی چیئرمین مقرر کرنے کا اختیار ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کی روایت ہے کہ قائمہ کمیٹیاں، ان کے چیئرمین تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت اور رضامندی سے تشکیل دیے جاتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اس اتفاق رائے کو قائم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید