ٹریفک حادثات، خودکشی، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، چھاپے کے دوران فرار کی کوشش، چھت سے گرنے والا چل بسا

April 27, 2024

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) مختلف واقعات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ تھانہ بہارہ کہو کے علا قے میں واقع مدرسہ ریا ض الجنہ میں زیر تعلیم 18 سالہ طالب علم اصغر علی ولد اول خان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ۔ تھانہ کورال کےعلاقے میں اسلام آباد ہائی وے کو عبور کرتے ہوئے 53 سالہ شادی شدہ خاتون رقیہ بی بی تیر رفتار گاڑی آر آئی ایس 3065 کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئی ۔تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو میں جواریوں پر چھاپے کے دوران نذر محمد عرف ماما گونگا فرار کی کوشش میں زندگی کی بازی ہا ر گیا ۔ متوفی نے گھر کی چھت سے چھلانگ لگائی اورگردن کی ہڈی ٹو ٹنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ کھنہ کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا میانوالی کا رہائشی 30 سالہ محمد سعید ولد محمد حنیف نجی ہسپتال میں جبڑے کے آپریشن کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا۔ تھانہ بنی گالہ کے علاقے میں 18 سالہ جاوید اختر نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔