اسلام آباد ہائیکورٹ،3بچوں کی قاتل ماں کا ذہنی معائنہ کرانے کا حکم

April 27, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی کوشش کرنیوالی ملزمہ کی ذہنی حالت کا پتہ لگانے کیلئے طبی معائنہ کرانے کا حکم دےدیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کاتحریری حکم نامہ میں عدالت کا کہنا ہے درخواست گزار زیبا گل پر دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو قتل کر کے خود کشی کرنے کی کوشش کرنے کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی، یکم دسمبر 2022 کی چارج شیٹ میں واضح طور پر لکھا تھا کہ زیبا گل ذہنی طور پر بیمار ہیں،ٹرائل کورٹ نے 465 کے تحت انکوائری کے بغیر ہی زیبا گل کو 302 بی کے تحت تین بار عمر قید کی سزا سنا دی، ملزمہ کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 311 کے تحت 14 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ۔ چیف کمشنر اسلام آباد سپریم کورٹ کے صوفیہ بانو کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ سے درخواست گزار کا ذہنی طبی معائنہ کرائیں اورپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے تاکہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ آیا ملزمہ ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنا دفاع پیش کرنے کیلئے ذہنی طور پر قابل تھی یا نہیں۔کیس کی آئندہ سماعت پانچ جون کو ہو گی۔