• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ڈاکوؤں کے سہولت کار اہلکاروں کو لایا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کی سہولت کاری کرنے والے پولیس اہلکار کراچی لائے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علی خورشیدی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، وہ دن دور نہیں جب عوام تھانوں کا گھیراؤ کرنے لگیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ایسے پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں، جن پر کچے میں ڈاکوؤں کی سہولت کاری کرنے کا الزام تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر کراچی کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، وہ دن دور نہیں جب عوام تھانوں کا گھیراؤ کرنے لگیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ سے کہا ہے، اگر کراچی میں پولیس کی کوئی آسامی خالی ہو تو اسے کراچی ہی سے پر کیا جائے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ کل کی رپورٹ ہے کہ 79 پولیس اہلکار کچے کے ڈاکووں کے سہولت کار تھے، ان کا ٹرانسفر کراچی کیا گیا،آئی جی سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آرڈر واپس ہوگا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے 11 رکنی وفد نے شرکت کی، اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شرکاء کو امن وامان اور پولیس اقدامات پر بریفنگ دی۔

قومی خبریں سے مزید