یوم مئی‘ مزدوروں کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے‘ علی حسن زہری

May 01, 2024

کوئٹہ (پ ر) صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے یوم مزدور کے موقع پر پیغام میں کہاہے کہ دنیا بھر کے مزدور آج کے دن اپنے حقوق کے لئے ریلیاں نکالتے ہیں اور آج کا دن استحصالی طاقتوں کے خلاف مزدوروں کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک سوشلسٹ اور عوامی لیڈر تھے، پی پی پی عوامی نظریاتی جماعت ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں مزدوروں اور محنت کشوں کے لئے پہلی جامع لیبر پالیسی باضابطہ طور پر جاری کی جس کے مطابق مزدوروں کے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کئے گئے ان کو سوشل سیکورٹی دی گئی۔ اولڈ ایج بینیفٹ دیا گیا ورکرز ویلفیئر فنڈ قائم کیا گیا اور جاب سیکورٹی کو تحفظ دیا گیا، مزدوروں کے لئے انشورنس پالیسی جاری کی گئی۔ صنعتوں اور کارپوریشنوں کے منافع میں مزدوروں کا شیئر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ مزدوروں کی بچیوں کے لئے جہیز فنڈ قائم کیا گیا۔شہیدبھٹو نے یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا،لیبر ڈے پر وہ خود مزدور ریلی کی قیادت کرتے تھے اور پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت اور جیالے آج بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدور کی زیادہ سے زیادہ اجرت مقرر ہونی چاہئے اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔