پارٹی میں آئین و ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ پی ٹی آئی

May 20, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی اسپیشل کمیٹی برائے اکاونٹیبلٹی ڈسپلن کے سربراہ ڈاکٹر عمر خان بابر نے کہا ہے کہ سزا و جزا کے بغیر کوئی تنظیم یا پارٹی کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتی،پارٹی میں آئین اور ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی ۔یہ بات انہوں نے بلوچستان سے دیگر ارکان شاکر مندوخیل ، سلام آغا ایڈووکیٹ ، صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ ، جنرل سیکرٹری جہانگیر رند ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ ، نوابزادہ شریف جوگیزئی ، ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر نور خان خلجی ، سابق رکن قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ ، میر علی آغا ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی و صوبائی قیادت اور پارٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ، ہم اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہوئے پارٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔